نئی دہلی،3؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے تناظر میں ایک ٹیلی ویژن نیوز چینل پر دیئے گئے تبصرے کے لیے کانگریس کے لدھیانہ رکن پارلیمنٹ روونیت سنگھ کے خلاف مقدمہ دائرکیاگیاہے اور ان کے بیان کو دھمکی آمیز قرار دیاگیاہے۔ اسے قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے طور پر دیکھا گیاہے ۔
روینیت سنگھ جو پنجاب کے کچھ دوسرے ساتھی ممبران کے ساتھ نئی دہلی کے جنتر منتر پر پچھلے کچھ ہفتوں سے دھرنا دے رہے ہیں ، نے خودسپردگی ڈالنے کی پیش کش کی ہے۔سنگھ کے خلاف 31 دسمبر کوقومی دارالحکومت کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 504 اور 506 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔اس میں نظم ونسق کی خلاف ورزی کاالزام ہے۔تین نئے مرکزی زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج پر گفتگو کے دوران ، 25 دسمبر کو ایک ٹیلی ویژن چینل پر ایک بیان پر ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دہلی کے شکایت کنندہ نوین کمار نے الزام لگایا ہے کہ سنگھ کے بیانات سے عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوتاہے ۔اس بحث کے دوران ، سنگھ نے کہاہے کہ کسانوں کی طرف سے جاری احتجاج ختم نہیں ہوگا اور ہم اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے لاشوں کا ڈھیر لگا سکتے ہیں ، خون بہا سکتے ہیں اورکسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔